
Ustad-e-Zaman
📅 1859 - 1908 | 📍 Indiaمنقبت – حسن رضا خان بریلوی
بیاں ہو کس زباں سے مرتبہ صدیق اکبر کا
ہے یارِ غار محبوبِ خدا صدیق اکبر کا
الہی رحم فرما خادمِ صدیق اکبر ہوں
تری رحمت کے صدقے واسطہ صدیق اکبر کا
رسل اور انبیا کے بعد جو افضل ہو عالم سے
یہ عالم میں ہے کس کا مرتبہ صدیق اکبر کا
گدا صدیق اکبر کا خدا سے فضل پاتا ہے
خدا کے فضل سے میں ہوں گدا صدیق اکبر کا
نبی کا اور خدا کا مدح گو صدیق اکبر ہے
نبی صدیق اکبر کا خدا صدیق اکبر کا
ضیا میں مہرِ عالمتاب کا یوں نام کب ہوتا
نہ ہوتا نام گر وجہِ ضیا صدیق اکبر کا
ضعیفی ہیں یہ قوت ہے ضعیفوں کو قوی کر دیں
سہارا لیں ضعیف و اقویا صدیق اکبر کا
خدا اکرم فرماتا ہے اتقی کہہ کے قرآں میں
کریں پھر کیوں نہ اکرام اتقیا صدیق اکبر کا
صفا وہ کچھ ملی خاکِ سرِ کوئے پیمبر سے
مصفا آئینہ ہے نقشِ پا صدیق اکبر کا
ہوئے فاروق و عثمان و علی جب داخلِ بیعت
بنا فخرِ سلاسل سلسلہ صدیق اکبر کا
مقامِ خواب راحت چین سے آرام کرنے کو
بنا پہلوئے محبوبِ خدا صدیق اکبر کا
علی ہیں اس کے دشمن اور وہ دشمن علی کا ہے
جو دشمن عقل کا دشمن ہوا صدیق اکبر کا
لٹایا راہِ حق میں گھر کئی بار اس محبت سے
کہ لٹ لٹ کر حسنؔ گھر بن گیا صدیق اکبر کا
اس منقبت میں حضرت حسن رضا خان نے امیر المؤمنین سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی عظمت اور بے مثال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ وہ بیان کرتے ہیں کہ
بلند مرتبہ: تمام انبیاء اور رسولوں کے بعد کائنات میں سب سے افضل مقام سیدنا صدیقِ اکبرؓ کا ہے، جو غار اور مزار دونوں میں حضورِ اکرم کے قریبی ساتھی (یارِ غار) ہیں۔
عظمتِ صحابہ: حضرت عمر، حضرت عثمان اور حضرت علی (رضی اللہ عنہم) نے آپ کے ہاتھ پر بیعت کی، جو آپ کے خلیفہ اول اور پیشوا ہونے کی سب سے بڑی دلیل ہے۔
نیز، جو صدیقِ اکبرؓ کا دشمن ہے وہ مولا علیؑ کا بھی دشمن ہے اور اپنی عقل کا اندھا ہے۔
بے مثال قربانی: آپؓ نے اللہ اور اس کے رسول کی محبت میں اپنا پورا گھر بار بار راہِ خدا میں لٹایا، اور یہی بے غرض عشق ان کی سب سے بڑی کامیابی اور پہچان بن گیا۔
| لفظ | معنی |
|---|---|
| مرتبہ | مقام، درجہ، عظمت |
| یارِ غار | غارِ ثور میں نبی کریم ﷺ کے ساتھی، حضرت ابوبکر صدیقؓ |
| خادم | خدمت کرنے والا |
| رسل | رسولوں کی جمع، پیغمبر |
| انبیا | نبیوں کی جمع |
| افضل | سب سے بہتر، برتر |
| گدا | فقیر، محتاج |
| مدح گو | تعریف بیان کرنے والا |
| مہرِ عالمتاب | دنیا کو روشن کرنے والا سورج |
| وجہِ ضیا | روشنی کا سبب |
| ضعیفی | کمزوری، ناتوانی |
| اقویا | قوی لوگوں کی جمع، طاقتور لوگ |
| اتقی | سب سے زیادہ پرہیزگار |
| اکرام | عزت دینا، احترام کرنا |
| خاکِ سرِ کوئے پیمبر | نبی کریم ﷺ کی گلی کی مٹی |
| مصفا | پاک، صاف شفاف |
| نقشِ پا | قدموں کا نشان |
| بیعت | اطاعت اور وفاداری کا عہد |
| فخرِ سلاسل | روحانی سلسلوں کا باعثِ فخر |
| سلسلہ | روحانی نسبت یا طریقہ |
| مقامِ خواب راحت | آرام اور سکون کی جگہ |
| پہلوئے محبوبِ خدا | اللہ کے محبوب ﷺ کے پہلو میں جگہ |
| راہِ حق | سچائی اور دینِ اسلام کا راستہ |
اردو اور پنجابی شاعروں کی بائیو گارفی
اوراردو ، پنجابی کے بہترین اشعار،
غزلیں اور منتخب کلام ایک جگہ۔
© 2026 Nayab Shairy — All Rights Reserved