
Inqalabi Shaa’ir
📅 1928 - 1993 | 📍 Pakistanنظم – حبیب جالب
نظم – حبیب جالب
ظلمت کو ضیا صرصر کو صبا بندے کو خدا کیا لکھنا
پتھر کو گہر دیوار کو در کرگس کو ہما کیا لکھنا
اک حشر بپا ہے گھر میں دم گھٹتا ہے گنبد بے در میں
اک شخص کے ہاتھوں مدت سے رسوا ہے وطن دنیا بھر میں
اے دیدہ ورو اس ذلت کو قسمت کا لکھا کیا لکھنا
ظلمت کو ضیا صرصر کو صبا بندے کو خدا کیا لکھنا
یہ اہل حشم یہ دارا و جم سب نقش بر آب ہیں اے ہم دم
مٹ جائیں گے سب پروردۂ شب اے اہل وفا رہ جائیں گے ہم
ہو جاں کا زیاں پر قاتل کو معصوم ادا کیا لکھنا
ظلمت کو ضیا صرصر کو صبا بندے کو خدا کیا لکھنا
لوگوں پہ ہی ہم نے جاں واری کی ہم نے ہی انہی کی غم خواری
ہوتے ہیں تو ہوں یہ ہاتھ قلم شاعر نہ بنیں گے درباری
ابلیس نما انسانوں کی اے دوست ثنا کیا لکھنا
ظلمت کو ضیا صرصر کو صبا بندے کو خدا کیا لکھنا
حق بات پہ کوڑے اور زنداں باطل کے شکنجے میں ہے یہ جاں
انساں ہیں کہ سہمے بیٹھے ہیں خونخوار درندے ہیں رقصاں
اس ظلم و ستم کو لطف و کرم اس دکھ کو دوا کیا لکھنا
ظلمت کو ضیا صرصر کو صبا بندے کو خدا کیا لکھنا
ہر شام یہاں شام ویراں آسیب زدہ رستے گلیاں
جس شہر کی دھن میں نکلے تھے وہ شہر دل برباد کہاں
صحرا کو چمن بن کر گلشن بادل کو ردا کیا لکھنا
ظلمت کو ضیا صرصر کو صبا بندے کو خدا کیا لکھنا
اے میرے وطن کے فن کارو ظلمت پہ نہ اپنا فن وارو
یہ محل سراؤں کے باسی قاتل ہیں سبھی اپنے یارو
ورثے میں ہمیں یہ غم ہے ملا اس غم کو نیا کیا لکھنا
ظلمت کو ضیا صرصر کو صبا بندے کو خدا کیا لکھنا
شاعر کہتا ہے کہ اندھیرے کو روشنی، ظلم کو انصاف، جھوٹے حکمران کو خدا یا نجات دہندہ کہنا غلط ہے۔ وہ سچ بولنے، ظلم کے خلاف کھڑے ہونے، اور خوشامد نہ کرنے کی تلقین کرتا ہے۔
| لفظ | معنی |
|---|---|
| ظلمت | اندھیرا |
| ضیا | روشنی |
| صرصر | تیز گرم یا سخت آندھی |
| گہر | موتی، قیمتی چیز |
| کرگس | گدھ |
| ہما | ایک فرضی خوش نصیب پرندہ (شاہی پرندہ) |
| گنبد بے در | ایسا بند کمرہ یا عمارت جس میں دروازہ نہ ہو |
| دیدہ ورو | سمجھدار لوگ، بصیرت والے |
| اہلِ حشم | بڑے لوگ، طاقت والے، امیر طبقہ |
| دارا و جم | پرانے بادشاہوں کی مثال، طاقتور حکمران |
| پروردۂ شب | اندھیرے میں پلنے والے، برے لوگ |
| فن وارو | اپنا ہنر قربان کرو |
اردو شاعری کی خوبصورت دنیا
ادب، محبت اور تخیل کا سنگم
© 2026 Nayab Shairy — All Rights Reserved