Untitled design 7

Ahmad Faraz

Shair-e-Romance

📅 1931 - 2008 | 📍 Pakistan

خود آپ اپنی نظر میں حقیر میں بھی نہ تھا

غزل – احمد فراز

خود آپ  اپنی نظر میں حقیر میں بھی نہ تھا

اس اعتبار سے اس کا اسیر میں بھی نہ تھا

 

بنا بنا کے بہت اس نے جی سے باتیں کی 

میں جانتا تھا مگر حرف گیر میں بھی نہ تھا

 

نبھا رہا ہے یہی وصف دوستی شاید 

وہ بے مثال نہ تھا بے نظیر میں بھی نہ تھا

 

سفر طویل سہی گفتگو مزے کی رہی 

وہ خوش مزاج اگر تھا تو میر میں بھی نہ تھا

 

میں برگ آخر شہر خزاں تھا خاک ہوا 

کھلا کہ موسم گل کا سفیر میں بھی نہ تھا

 

میں کہہ رہا تھا رفیقوں سے جی کڑا رکھو 

چلا جو درد کا اک اور تیر میں بھی نہ تھا

 

ستم کے عہد میں چپ چاپ جی رہا ہوں فراز 

سو دوسروں کی طرح با ضمیر میں بھی نہ تھا